پنجاب کے تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں ایک ہفتہ کی توسیع، اب 19 جنوری کو کھلیں گے

لاہور: حکومتِ پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی موسمِ سرما کی چھٹیوں میں ایک ہفتے کا اضافہ کر دیا ہے۔ صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کے مطابق اب تمام اسکول اور کالجز 19 جنوری 2026 سے دوبارہ کھلیں گے۔

وزیرِ تعلیم نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ قدم سردی کی حالیہ لہر اور موسم کی شدید سختی کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کے لیے طلباء کی صحت اور حفاظت سب سے مقدم ہے۔

> "تعلیمی اداروں کی چھٹیاں بڑھانے کا فیصلہ موسم کی شدت اور طلباء کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے،” رانا سکندر حیات۔

یاد رہے کہ اس سے قبل تعلیمی ادارے 12 جنوری کو کھلنا تھے، تاہم والدین کے مطالبات اور سوشل میڈیا پر کیے گئے عوامی سروے کے بعد، جس میں اکثریت نے چھٹیوں میں اضافے کی حمایت کی تھی، حکومت نے یہ اہم فیصلہ کیا۔ وزیرِ تعلیم نے مزید کہا کہ دھند اور شدید سردی کے باعث بچوں کا اسکول جانا ان کی صحت کے لیے خطرہ بن سکتا تھا۔

محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے تمام اضلاع کو اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفیکیشن