ساہیوال: شادی سے انکار پر نویں جماعت کی طالبہ گن پوائنٹ پر اغوا، 3 ملزمان گرفتار

ساہیوال (رپورٹ): چک 128 نو ایل میں رشتہ دینے سے انکار پر نویں جماعت کی 14 سالہ طالبہ کو اسلحے کے زور پر اغوا کر لیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ طالبہ کی بازیابی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق چک 128 نو ایل کی رہائشی بیوہ خاتون نسیم اختر سے ملزم ممتاز خان نے ان کی بیٹی اقراء شہزادی کا رشتہ مانگا تھا۔ خاتون نے بیٹی کی عمر کم (14 سال) ہونے کی وجہ سے رشتہ دینے سے انکار کر دیا، جس کا ملزمان نے برا منایا۔

گزشتہ روز ملزم ممتاز خان اپنی بیٹی کومل، بیٹوں حسن سردار اور سکندر کے ساتھ سفید رنگ کے کیری ڈبہ پر آیا اور اسلحے کے زور پر نویں جماعت کی طالبہ اقراء شہزادی کو اغوا کر کے فرار ہو گیا۔

تھانہ ڈیرہ رحیم پولیس نے بیوہ خاتون کی مدعیت میں دفعہ 363 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے فوری کارروائی کی اور اغوا میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مغویہ طالبہ کو جلد ہی بازیاب کرا لیا جائے گا۔