ساہیوال: دوسگی بہنوں سمیت 4 کمسن طالبات اغوا، پولیس کی کارروائی، ایک لڑکی بازیاب، 4 ملزمان گرفتار

ساہیوال کے مختلف تھانوں کی حدود سے دو سگی بہنوں سمیت چار کمسن طالبات کو اغوا کر لیا گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک طالبہ کو بازیاب کرا کے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اغوا کی پہلی واردات تھانہ فرید ٹاؤن کے علاقے بھٹو نگر میں پیش آئی، جہاں دودھ فروش کی دو بیٹیاں—16 سالہ (ر) اور اس کی چھوٹی بہن 9 سالہ (ف)— قرآن پاک کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے دینی مدرسے جا رہی تھیں۔ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے دونوں سگی بہنوں کو زبردستی اغوا کیا اور فرار ہو گئے۔
دوسری واردات تھانہ فتح شیر کے علاقے چک 88 چھ آر میں ہوئی، جہاں (ک) صبح تین بجے گھر پر سوئی ہوئی تھی۔ اس دوران مسلح ملزمان محمد رمضان، ساجد، آمنہ منظور نمبردار اور ایک نامعلوم خاتون حاجرہ کے ہمراہ گھر میں داخل ہوئے اور لڑکی کو کیری ڈبہ میں ڈال کر فرار ہو گئے۔
اغوا کا تیسرا واقعہ تھانہ بہادر شاہ کے علاقے اسد اللہ پور میں سامنے آیا، جہاں 14 سالہ (ا) کو ملزمان زمان، محمد علی، ثناء، علی کاکو، اور اشرف صدی احمد شیخ نے گھر سے اغوا کیا اور کیری ڈبہ میں محبوس کر کے موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کارروائی اور مقدمات کا اندراج:
ساہیوال پولیس نے شہریوں غلام قادر، شمشید علی اور اللہ وسایا کی مدعیت میں تھانہ فتح شیر، فرید ٹاؤن اور بہادر شاہ میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 365 بی کے تحت تین الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔
مقدمات درج ہونے کے بعد پولیس نے فوری اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے اغوا کاروں کے چنگل سے ایک طالبہ کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے، جبکہ وارداتوں میں ملوث چار ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ باقی روپوش ملزمان کی گرفتاری اور دیگر مغوی طالبات کی بازیابی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی انہیں بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔