اوکاڑہ: ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت پر شیر گڑھ میں اسرائیل اور امریکہ کے خلاف احتجاجی ریلی

اوکاڑہ: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر شیر گڑھ میں اسرائیل اور امریکہ کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا. ریلی کے شرکاء نے ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے نعرے بازی کی، جبکہ فضا “لبیک یا حسینؑ” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایران پر حملے اور قیادت کو نشانہ بنانا کھلی جارحیت ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کا فوری نوٹس لے اور اسرائیل کی مبینہ جارحیت کا سدباب کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر عالمی ادارے خاموش رہے تو خطے میں امن کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ امریکہ اور اسرائیل کے خلاف سخت سفارتی اقدامات کیے جائیں اور مسلم ممالک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ ریلی کے اختتام پر ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی اور خطے میں امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔