ڈی سی آفس چوک ساہیوال میں واپڈا کسٹمر فسیلیٹیشن سینٹر کا باقاعدہ افتتاح

وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ ولی نے ڈی سی آفس چوک میں واپڈا کسٹمر فسیلیٹیشن سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
یہ سنٹر ساہیوال کی عوام کے لیے ایک تحفہ ہے جہاں اب واپڈا سے متعلق تمام مسائل ایک ہی چھت تلے حل کیے جائیں گے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ ولی نے کہا کہ واپڈا کسٹمر فسیلیٹیشن سینٹر کے قیام سے شہریوں کو دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے اور ان کے مسائل بروقت حل ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سنٹر پورا ہفتہ کھلا رہے گا تاکہ سائلین کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے۔فسیلیٹیشن سینٹر میں شہری نئے بجلی کنکشن کی درخواست، بجلی کی شکایات، بجلی کی عارضی یا مستقل معطلی، بجلی بل کی تاریخ میں توسیع، بل کی نقل کے اجرا سمیت دیگر تمام واپڈا سے متعلق امور کے حل کے لیے درخواستیں دے سکیں گے۔
اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی قاسم ندیم، مسلم لیگ (ن) کے رہنما راﺅ نذر فرید، پیر احسان الحق ادریس، چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد، سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن سرکل ساہیوال انجینئر ناصر محمود فانی و دیگر اعلیٰ واپڈا افسران بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر توانائی و پاور ڈویژن کے ویژن کے مطابق عوام کو بجلی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے یہ سنٹر قائم کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت کے جذبے کے تحت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور ساہیوال کے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
شہریوں نے واپڈا کسٹمر فسیلیٹیشن سینٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت کے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سنٹر سے بجلی سے متعلق مسائل میں واضح کمی آئے گی۔