ساہیوال: ملازمت کا جھانسہ دے کر بلوائی گئی لڑکی سے گینگ ریپ

تفصیلات کے مطابق تاندلیانوالہ کی ایک لڑکی کو اس کے سوشل میڈیا دوست اور اس کے ساتھی نے ملازمت کا جھانسہ دے کر ساہیوال بلوایا اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
متاثرہ لڑکی کا تعلق تاندلیانوالہ کے گاؤں بھیرواں سے ہے۔ اس کی ساہیوال میں مقیم ایک معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر سے جان پہچان ہوئی جو آن لائن رابطے کے دوران دوستی میں بدل گئی۔ اس دوران ملزم نے حکمران جماعت سے اپنے سیاسی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے لڑکی کو ملازمت دلوانے کا وعدہ کیا۔
لڑکی کو جمعرات کی شام ملاقات کے لیے ساہیوال بلایا گیا۔ ساہیوال پہنچنے پر ملزم اسے گاڑی میں بٹھا کر ایک گھر لے گیا۔ وہاں اسے ایک سافٹ ڈرنک پلائی گئی جس میں نشہ آور مواد ملا ہوا تھا۔
بعد ازاں ملزم اور اس کا ساتھی لڑکی کے ساتھ رات بھر جنسی زیادتی کرتے رہے۔ اگلی صبح لڑکی کو جنرل بس اسٹینڈ پر چھوڑ دیا گیا اور اسے واقعہ ظاہر کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔
متاثرہ لڑکی نے یہ معاملہ تھانہ غلہ منڈی پولیس کو رپورٹ کیا جس کی درخواست پر پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملزمان تاحال مفرور ہیں۔