ساہیوال: نیوایئر2026 کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل
ساہیوال (ترجمان ساہیوال پولیس) ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو کے خصوصی احکامات کی روشنی میں نئے سال 2026 کی آمد کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے ساہیوال پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں جامع اور فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔
سکیورٹی پلان کے تحت ضلع بھر میں 750 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، جن میں 07 گزٹڈ افسران، 26 انسپکٹرز / ایس ایچ اوز، 133 اپر سب آرڈینیٹ، 403 لوئر سب آرڈینیٹ، ٹریفک پولیس کے اہلکار، لیڈی پولیس اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں شامل ہیں۔
نیو ایئر نائٹ کے موقع پر شہر کے اہم مقامات، تفریحی پوائنٹس، شاپنگ مالز اور چوراہوں سمیت ضلع بھر میں خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ چرچز اور دیگر حساس مقامات پر بھی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ، سرچ اینڈ کومبنگ اور مؤثر پٹرولنگ جاری رکھی جائے گی۔
شہر بھر میں سیف سٹی کیمروں اور پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول وہیکل کے ذریعے مشکوک افراد اور سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت کے لیے اہم شاہراہوں، چوراہوں اور پارکنگ ایریاز میں ٹریفک پولیس کے اہلکار فرائض سر انجام دیں گے۔
اس موقع پر ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے کہا کہ ساہیوال پولیس نیو ایئر کے موقع پر شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔