ساہیوال شہر کی خوبصورتی کے جاری منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس

کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ صدر بازار، پاکپتن بازار اور دیپالپور بازار کو جدید طرز پر ماڈل بازار بنایا جائے گا. اس سے نہ صرف ساہیوال شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو بہتر اور معیاری سہولیات بھی فراہم کی جا سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ماڈل بازاروں کے قیام کے لیے صفائی کے مؤثر انتظامات، تجاوزات کے خاتمے، یکساں اور خوبصورت سائن بورڈز کی تنصیب اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ شہریوں کو خوشگوار اور محفوظ ماحول میسر آ سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کی خوبصورتی اور بیوٹیفکیشن کے جاری منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ایم ڈی واساتنویر سندھو، پیرا فورس کے انچارج نعمان قیصر، اسسٹنٹ کمشنر ماہم جاوید، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور تاجر برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔
کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے اجلاس کے دوران تاجر برادری کو درپیش مسائل سنے اور ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے دوران پیش آنے والی رکاوٹوں کو باہمی مشاورت اور تعاون سے فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تاجر برادری کے تعاون کے بغیر شہر کو خوبصورت اور مثالی بنانے کا ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا، اس لیے تمام اسٹیک ہولڈرز باہمی اشتراک سے ساہیوال کو ایک صاف، منظم اور خوبصورت شہر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔