ساہیوال: چھاپے کے دوران ہجوم کا پولیس پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ

ساہیوال (ساہیوال نیوز – محمد انعام) تھانہ نور شاہ کی پولیس موبائل پر ہفتہ کی صبح گاؤں 51 جی ڈی میں اس وقت حملہ کیا گیا جب پولیس اہلکار ایک درج مقدمے کی تفتیش کے لیے موقع پر موجود تھے۔

تفصیل کے مطابق اے ایس آئی امیر اسحاق لطیف نول کی مدعیت میں درج مقدمے میں نامزد ملزمان کے گھر پہنچے تو تقریباً 15 مرد و خواتین پر مشتمل مسلح ہجوم نے لاٹھیوں اور بانسوں سے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا اور پولیس موبائل پر پتھراؤ کیا۔

شناخت ہونے والے حملہ آوروں میں آفتاب عالم، مقصود احمد، بلال، نسرین اور ثنا شامل ہیں۔ حملے کے بعد اے ایس آئی امیر اسحاق نے ایلیٹ فورس سے مدد طلب کی، تاہم اضافی نفری کے پہنچنے سے قبل ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

اے ایس آئی امیر اسحاق کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 427، 506، 353، 148 اور 149 کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عثمان ٹیپو نے تصدیق کی ہے کہ چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔