ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو کی ساہیوال چیمبر آف کامرس آمد

ساہیوال (ساہیوال نیوز – ترجمان ساہیوال پولیس) ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے ساہیوال چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا جہاں چیمبرآف کامرس کے عہدیداران، تاجر برادری اور مختلف کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے ان کا پرتپاک استقبال کیا.

اس موقع پر ڈی پی او ساہیوال نے تاجر برادری سے تعارفی ملاقات کے دوران شہر میں امن و امان کی صورتحال، کاروباری مراکز کی سیکیورٹی، جرائم کی روک تھام اور پولیس و تاجر برادری کے باہمی تعاون سے متعلق امور پر جامع گفتگو کی۔

ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے کہا کہ ساہیوال کی ترقی میں تاجر برادری کا کردار انتہائی اہم ہے اورساہیوال پولیس ان کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ کاروباری مراکز، مارکیٹس اور صنعتی علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنائے جا رہے ہیں تاکہ کاروباری سرگرمیاں بلاخوف و خطر جاری رہ سکیں.

انہوں نے تاجربرادری کے نمائندگان کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو بغور سنا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ان مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں.

ڈی پی او ساہیوال نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس اور تاجر برادری کا باہمی تعاون شہر میں پائیدار امن اور معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ آخر میں چیمبر آف کامرس کے صدر اور دیگر عہدیداران نے ڈی پی او ساہیوال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس کے کردار کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ باہمی رابطہ آئندہ بھی اسی طرح برقرار رہے گا۔