ساہیوال: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دھی رانی پروگرام کی تقریب

ساہیوال – وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دھی رانی پروگرام کی تقریب میں ساہیوال کے 134 جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
نوبیاہتا جوڑوں میں دو مسیحی برادری اور ایک خصوصی جوڑا بھی شامل تھا۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ممبر پنجاب اسمبلی محمد ارشد ملک، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عصمہ نورین اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عباس چوہان بھی موجود تھے۔
نوبیاہتا جوڑوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے دو لاکھ روپے سلامی بھی تقسیم کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے نوبیاہتا جوڑوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ دھی رانی پروگرام وزیر اعلیٰ مریم نواز کا معاشرہ کے لئے تاریخ ساز انقلابی اقدامات ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لئے دھی رانی پروگرام شروع کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے مزیدکہا کہ پہلی حکومتوں نے صرف دعوے کئے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے علمی اقدامات کئے اور دھی رانی پروگرام جیسے پروگرام اس کامنہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنا بڑا انقلابی پروگرام شروع کیا گیا تاکہ غریب والدین اپنی بیٹیوں کا شرعی فریضہ ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا عملی نمونہ دیکھنا ہے تو دھی رانی پروگرام دیکھیں۔ صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں عوامی خدمت کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔
اس موقع پر ممبر پنجاب اسمبلی محمد ارشد ملک نے نوبیاہتا جوڑوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف تعلیم، صحت کے ساتھ ساتھ دھی رانی پروگرام جیسے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ کی سربراہی میں سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ساہیوال کی ٹیم نے ہمیشہ میرٹ اور شفافیت کو ترجیحی دی۔