چیچہ وطنی سے کراچی اور لاہور کے لیے پاک بزنس ایکسپریس کا سٹاپ بحال کرنے کا مطالبہ

چیچہ وطنی (ساہیوال نیوز – سٹی پریس کلب) چیچہ وطنی سے کراچی اور لاہور کے لیے پاک بزنس ایکسپریس کا سٹاپ بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث مقامی مسافر مشکلات کا شکار ہیں. عوام کا وفاقی حکومت سے فوری بحالی کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق چیچہ وطنی ریلوے اسٹیشن پر عوام کی سفری سہولت کے لیے 2024 میں پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کا سٹاپ منظور کیا گیا تھا، جو لاہور اور کراچی کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہو رہا تھا۔
اس سٹاپ کی منظوری اس وقت کے چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی ریلوے، رائے حسن نواز خاں کی کاوشوں سے ممکن ہوئی تھی۔پاک بزنس ایکسپریس تقریباً ایک سال تک باقاعدگی سے چیچہ وطنی میں رُکتی رہی. اس سے طلبہ، ملازمین، تاجروں اور عام مسافروں کو براہِ راست لاہور اور کراچی تک سفر کی سہولت حاصل تھی۔
تاہم ایک سال بعد یہ اہم سٹاپ بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اچانک بند کر دیا گیا۔سٹاپ کی بندش سے چیچہ وطنی اور گرد و نواح کے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں، کیونکہ اب انہیں طویل سفر، اضافی اخراجات اور دیگر شہروں سے ٹرین پکڑنے کی مشکلات کا سامنا ہے۔
علاقہ مکینوں نے وفاقی حکومت اور ریلوے حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس فیصلے کا نوٹس لیا جائے اور چیچہ وطنی ریلوے اسٹیشن پر پاک بزنس ایکسپریس کا سٹاپ دوبارہ بحال کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش سفری مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔