روزے کی حالت میں شہادت: ساہیوال کے سپوت محمد عثمان پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک

ساہیوال (ویب ڈیسک) وطنِ عزیز کی مٹی ایک بار پھر اپنے ایک اور جری جوان کے لہو سے سیراب ہو گئی۔ ساہیوال کے سپوت اور پاک فوج کے بہادر جوان محمد عثمان نے دفاعِ وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ شہید محمد عثمان کا تعلق ساہیوال کے نواحی علاقے سے تھا۔

شہادت کا واقعہ

شہید محمد عثمان 21 رمضان المبارک کو ڈی جی خان میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (IBO) میں مصروف تھے، جہاں انہوں نے بوقتِ افطار روزے کی حالت میں دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کیا۔ اسی کارروائی کے دوران وہ شہادت کے عظیم منصب پر فائز ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ شہید کی شادی ابھی گزشتہ برس ہی ہوئی تھی۔

فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین

شہید کا جسدِ خاکی جب ان کے آبائی گاؤں پہنچا تو علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔ نمازِ جنازہ میں ساہیوال اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا کر شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے اپنے بہادر ساتھی کو سلامی پیش کی، جس کے بعد انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔

حکام کی شرکت

اعلیٰ عسکری و سرکاری حکام کی جانب سے بھی شہید کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ایف سی جنرل کمانڈر برگیڈئیر عاصم ملک اور دیگر اعلیٰ افسران کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ جنازے اور تدفین میں ڈی پی او محمد عثمان ٹیپو سمیت متعدد فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔