اسسٹنٹ کمشنر کا بنیادی مراکز صحت مریم نواز ہیلتھ کلینک 69 فور آر اور 64 فور آر کا دورہ

ساہیوال – اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات بنیادی مرکز صحت مریم نواز ہیلتھ کلینک 69 فور آر اور 64 فور آر کے اچانک دورے کے موقع پر کہی۔ دورے کے دوران انہوں نے مفت ادویات کی دستیابی، مریضوں کے لیے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور مجموعی انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے ہیلتھ کلینک کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور وہاں موجود مریضوں سے ملاقات کر کے علاج معالجے اور دستیاب سہولیات کے بارے میں براہِ راست آگاہی حاصل کی۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ صفائی کے عملے کی کارکردگی کی باقاعدہ اور مؤثر نگرانی کی جائے تاکہ مریضوں کو صاف ستھرا اور بہتر ماحول میسر آ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی مراکز صحت عوام کی اولین طبی ضرورت پوری کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اس لیے ان مراکز میں سہولیات کا معیار بہتر بنانا ناگزیر ہے۔

اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مریضوں کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے اور علاج معالجے کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فیلڈ میں باقاعدہ مانیٹرنگ کا نظام اپنایا جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔