ساہیوال: نجی یونیورسٹی میں ایک روزہ بنیادی لائف سپورٹ تربیتی سیشن

ساہیوال (محکمہ ہیلتھ پریس ریلیز) پنجاب سول ڈیفنس ریزیلینٹ کور کے زیرِ اہتمام نجی یونیورسٹی میں ایک روزہ بنیادی لائف سپورٹ تربیتی سیشن اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔

پروگرام کا مقصد طلبہ اور شرکاء میں ابتدائی طبی امداد، ہنگامی حالات میں بروقت اور مؤثر ردِعمل، اور قدرتی و انسانی ساختہ آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا۔

تربیتی سیشن کے ریسورس پرسن کنسلٹنٹ سرجن گورنمنٹ حاجی عبد القیوم ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شہیر اظہر تھےجنہوں نے بین الاقوامی گائیڈ لائنز کے مطابق شرکاء کو عملی تربیت فراہم کی۔

اس میں ہینڈز آن پریکٹس، ایئر وے مینجمنٹ، سی پی آر کی معیاری تکنیک اور آٹومیٹڈ ایکسٹرنل ڈیفبریلیٹر کے مؤثر استعمال پر خصوصی توجہ دی گئی۔

تربیت کے دوران ڈیزاسٹر مینجمنٹ آگاہی لیکچر میں قدرتی و انسانی ساختہ آفات، ان سے بچاؤ، تیاری اور مؤثر ردِعمل کی حکمتِ عملیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

شرکاء کو انخلا کے طریقہ کار، ہنگامی صورتحال میں باہمی ہم آہنگی، سول ڈیفنس اور کمیونٹی رضاکاروں کے کردار، ٹیم ورک، بروقت فیصلہ سازی اور مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایسے تربیتی پروگرام نوجوانوں میں نہ صرف بنیادی طبی اور حفاظتی مہارتوں کے فروغ کا باعث بنتے ہیں بلکہ ایک ایسے باشعور، باہمت اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں جو ہنگامی حالات اور آفات کے دوران مؤثر اور منظم انداز میں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔