ساہیوال اور چیچہ وطنی سے دو طالبات سمیت چھ لڑکیاں اغوا

ساہیوال (کرائم رپورٹر) ساہیوال اور چیچہ وطنی کے مختلف تھانوں کی حدود سے دو طالبات سمیت چھ لڑکیوں کو زبر دستی اغوا کر لیا گیا۔ پولیس نے مقدمات درج کر لیے ہیں.

تفصیلات کے مطابق گلشن علی ہاؤسنگ کالونی سے گزشتہ شام کار میں سوار دو نامعلوم مسلح افراد (س) کو زبردستی اغوا کر کے کار میں لے گئے۔

چک 144 نو ایل میں سیموائل کی بیٹی کو گن پوائنٹ پر سیمون مسیح، ثناء ، ماریہ، وکرم اور عمران ، ڈیرہ شیخ منیر بھٹہ خشت سے زبر دستی اغوا کر کے لے گئے۔ ملزم جاتے ہوئے تین لاکھ 85 ہزار روپے نقدی ، زیورات بھی لے گئے ۔

چک 16 گیارہ ایل میں ایک زمیندار کی بیٹی (ت) طالبہ فرسٹ ایئر حافظ راشد کے پاس ٹیوشن پڑھنے کے لیے گئی۔ واپسی پر گھر آتے ہوئے تین نامعلوم ملزموں نے اغوا کر لیا۔

فرید سٹی فرید ٹاؤن میں ایک ٹھیکدار کی 18 سالہ بیٹی (ف) طالبہ کو علی حسن ، طیبہ شفیق ، عائشہ شفیق اور شازیہ زبردستی اغوا کر کے کار میں لے گئے۔ ملزم جاتے ہوئے 15 لاکھ 70 ہزار روپے نقدی اور زیورات بھی لے گئے۔

چک 89 چھ آر میں ایک شادی شدہ عورت (غ) کو اس کی کلاس فیلو عائشہ نوید نے تین نامعلوم ملزموں کے ہمراہ اغوا کر لیا اور جاتے ہوئے 32 لاکھ روپے نقدی اور چھ مرلہ مکان کی رجسٹری بھی ہمراہ لے گئے۔

چک 62 چار آر میں ایک زمیندار کی بیٹی (ل) کو اس کے گھر سے طلحہ سعید عمران صابر اور دو نا معلوم ملزم زبردستی اغوا کر کے کار میں لے گئے اور جاتے ہوئے تین لاکھ روپے نقدی 26 لاکھ 40 ہزار روپے کے زیورات اور موبائل بھی لوٹ کر لے گئے۔ مغوی لڑکی کا نکاح محمد کامران سے ہوا تھا اور رخصتی ابھی باقی تھی۔

ساہیوال پولیس تھانہ غلہ منڈی ، تھانہ ڈیرہ رحیم ، تھانہ صدر چیچہ وطنی ، تھانہ فرید ٹاؤن اور تھانہ نور شاہ نے دانشا د احمد، ہیموائل مسیح، اصغر علی، محمد رمضان ، حفیظ اللہ اور محمد حسین کی مدعیت میں چھ مقدمات 365 بی اور 496 اے ، ت پ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ابھی تک کوئی مغوی برآمد نہیں ہو سکی اور نہ ہی ملزم گرفتار ہوئے ہیں۔