پاکپتن: تعمیراتی کام کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے دو مزدور جاں بحق، ایک شدید زخمی

پاکپتن (ساہیوال نیوز – ویب ڈیسک) پاکپتن میں زیرِ تعمیر کمرشل پلازہ کی بنیادوں کی کھدائی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے دو مزدور دب کر جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق پاکپتن کے علاقے نگینہ چوک فلائنگ کوچ اڈہ کے قریب کمرشل پلازہ کی بنیادوں کی کھدائی کا کام جاری تھا. ٹھیکیداروں نے مزدوروں کو 10 سے 12 فٹ گہری کھائی میں اتارنے سے قبل کسی قسم کے حفاظتی انتظامات نہیں کیے تھے۔ تین مزدور بنیاد کی کھائی میں کام کر رہے تھے کہ اچانک مٹی کی دیوار منہدم ہو گئی۔

افسوسناک واقعے کے بعد ایک مزدور کو موقع پر موجود شہریوں نے ریسکیو 1122 کی آمد سے قبل نکال لیا، جو شدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاکپتن منتقل کر دیا گیا۔ تاہم دو مزدور مٹی اور کنکریٹ کے ملبے تلے دب گئے۔

جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی شناخت 31/SP کے رہائشی عرفان اور اپنا ٹاؤن پاکپتن کے رہائشی شفقت کے نام سے ہوئی ہے۔ طبی رپورٹس کے مطابق دونوں مزدوروں کو سینے پر شدید چوٹیں آئیں جو ان کی موت کا سبب بنیں۔

ریسکیو سیفٹی آفیسر عبدالرضا کے مطابق ریسکیو آپریشن میں چار گھنٹے سے زائد وقت لگا اور دو درجن سے زائد ریسکیو اہلکاروں نے بھاری مشینری، کرینوں، ٹریکٹروں اور شہریوں کی مدد سے ملبہ ہٹا کر لاشیں نکالیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر آصف رضا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جاوید چدھڑ، ڈی ایس پی انعام الحق اور اسسٹنٹ کمشنر رب نواز متلو موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو کارروائی کی نگرانی کی۔

بعد ازاں پاکپتن پولیس نے حفاظتی اقدامات میں غفلت اور مزدوروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے الزام میں ٹھیکیداروں اور عمارت مالکان کے خلاف دو مقدمات درج کر لیے۔