ساہیوال: اوورسیز پاکستانی کی سالگرہ پر مجرے کی محفل، خواجہ سرا سے مبینہ زیادتی اور ڈکیتی، 3 ملزم گرفتار

ساہیوال (علی رضا سندھو، رپورٹر ایکسپریس میڈیا گروپ) ساہیوال کے نواحی گاؤں نتھو میر چک بندی میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک اوورسیز پاکستانی کی سالگرہ کی تقریب کے بعد خواجہ سرا کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور نقدی لوٹ لی گئی۔ ہڑپہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

واقعہ کی تفصیلات

تفصیلات کے مطابق ملزمان حسن علی، علی حمزہ کاٹھیا، علی حسن کاٹھیا اور شدی آرائیں نے اپنے ایک بیرون ملک مقیم (اوورسیز) دوست کی سالگرہ کے اعزاز میں خواجہ سرا علی شہزاد عرف شہزادی اور اس کی ساتھی ارم کو رقص و سرود کی محفل کے لیے بلوایا تھا۔ تمام رات ڈانس مجرہ کروانے کے بعد جب دونوں خواجہ سرا اپنی گاڑی میں واپس روانہ ہوئے تو ملزمان نے راستہ روک لیا۔

جنسی زیادتی اور ڈکیتی

متاثرہ فریق کے مطابق ملزمان گاڑی روک کر ارم نامی خواجہ سرا کو زبردستی قریبی کھیتوں میں لے گئے، جہاں ملزم حسن علی کاٹھیا نے اسے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ ملزمان نے گاڑی میں موجود 78 ہزار روپے نقدی بھی لوٹ لی اور موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس کی کارروائی اور گرفتاریاں

تھانہ ہڑپہ پولیس نے خواجہ سرا علی شہزاد شہزادی کی مدعیت میں سنگین دفعات 376 (زیادتی) اور 379 (چوری/ڈکیتی) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔