کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کا کرسمس کے موقع پر گاسپل چرچ ساہیوال کا دورہ

ساہیوال (ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کرسمس کے پر مسرت موقع پرگاسپل چرچ ساہیوال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کی خوشیوں میں شرکت کی.
شرکاء نے کرسمس کا کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال رانا ایاز سلیم، ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عثمان ٹیپو، بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
کمشنر ساہیوال نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خوشیوں میں شریک ہونا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور مسیحی برادری کی ملکی تعمیر و ترقی میں خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
ڈاکٹر آصف طفیل نے مسیحی بھائیوں کو کرسمس کے تحفے کے طور پر ایک لاکھ روپے عیدی بھی دی جس پر مسیحی برادری نے خوشی اور تشکر کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چرچ میں خصوصی دعائیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں ملک کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
بشپ ابراہم عظیم ڈینیئل نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کا مشترکہ وطن ہے جہاں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ مسیحی برادری کے نمائندگان نے کرسمس کے موقع پر خصوصی تعاون اور بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ اور حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا ۔