ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کا جنرل بس اسٹینڈ ساہیوال کی زیرِ تعمیر عمارت کا دورہ

ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ساہیوال ڈویژن شاہد فاروق وڑائچ نے جنرل بس اسٹینڈ ساہیوال کی زیرِ تعمیر عمارت کا تفصیلی دورہ کیا۔
انہوں نے تعمیراتی کاموں کے معیار، رفتار اور جاری ترقیاتی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد بھی ان کے ہمراہ تھے-دورے کے دوران ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران و ٹھیکیداروں سے منصوبے بارے میں بریفنگ لی۔
انہیں بتایا گیا کہ جنرل بس اسٹینڈ کا منصوبہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید طرز پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جس میں مسافروں کے لیے انتظار گاہیں، ٹکٹنگ ایریا، پارکنگ، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات شامل ہوں گی۔
ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں شفافیت، معیار اور مقررہ ٹائم لائن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت، ناقص میٹریل کے استعمال یا تاخیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جنرل بس اسٹینڈ کی بروقت تکمیل سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات بھی میسر آئیں گی۔
ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے اور کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔