ساہیوال: پولیس افسران و اہلِ خانہ کے لیے مفت و رعایتی طبی سہولیات کا اعلان

ساہیوال (ترجمان ساہیوال پولیس) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے پولیس افسران و ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اور قابلِ تحسین قدم اٹھاتے ہوئے شہر کے معروف طبی اداروں کے ساتھ خصوصی تعاون کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں ساہیوال اسپیشلسٹ کلینک اور ڈاکٹر خلیل احمد (الخلیل کلینک) کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جن کے تحت پولیس اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کو نمایاں طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس فلاحی اقدام کے تحت **شہداء پولیس کے اہلِ خانہ اور پولیس غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو دونوں کلینکس میں 100 فیصد مفت طبی سہولیات اور میڈیکل چیک اپ** فراہم کیے جائیں گے۔
جبکہ **حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس افسران و ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو تمام کلینکل سروسز اور میڈیکل چیک اپ پر 50 فیصد رعایت** دی جائے گی۔
مزید برآں، ساہیوال اسپیشلسٹ کلینک کی فارمیسی پر دستیاب تمام ادویات پر **10 فیصد خصوصی رعایت** بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ پولیس ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو علاج معالجے میں زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے۔
اس موقع پر ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے کہا کہ **پولیس شہداء اور غازی ہمارا فخر ہیں، جبکہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کی صحت اور اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔** انہوں نے دونوں کلینکس کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تعاون پولیس ملازمین کے لیے سہولت، اطمینان اور ادارے کے حوصلے بلند کرنے کا باعث بنے گا۔