ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ساہیوال کے سالانہ انتخابات 2026 مکمل: ملک سعید سگھلہ دوسری بار صدر منتخب

-ساہیوال (ساہیوال نیوز ڈاٹ کوم) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ساہیوال کے سالانہ انتخابات برائے سال 2026 کا عمل مکمل ہو گیا۔ سخت مقابلے کے بعد نتائج کا اعلان رات گئے کیا گیا، جس کے مطابق ملک سعید سگھلہ ایک بار پھر صدارت کا تاج پہننے میں کامیاب رہے۔

انتخابی نتائج کی تفصیلات

الیکشن کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق:

صدر: ملک سعید سگھلہ نے 585 ووٹ حاصل کیے اور مسلسل دوسری مرتبہ صدر ڈسٹرکٹ بار منتخب ہو کر نئی تاریخ رقم کی۔
جنرل سیکرٹری: ملک محمد طارق کامیانہ 823 ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔
وائس پریذیڈنٹ: چوہدری ظفر اقبال نے ریکارڈ 1000 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی۔
جوائنٹ سیکرٹری: ملک شعیب خالد کھوکھر جوائنٹ سیکرٹری بار ایسوسی ایشن منتخب قرار پائے۔

نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔

سکیورٹی کے سخت انتظامات

انتخابات کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ساہیوال پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔ ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو کی خصوصی ہدایات پر 200 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

بار کونسل کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں اور واک تھرو گیٹس کے ذریعے سخت نگرانی کی گئی تاکہ وکلاء پُرامن ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔

اعلیٰ حکام کا دورہ

پولیس انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن ساہیوال فاروق انور نے ساہیوال بار کا دورہ کیا۔ انہوں نے سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی تاکید کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ انتخابی عمل کے دوران نظم و ضبط برقرار رہے۔