سی ٹی ڈی کی پاکپتن اور اوکاڑہ میں بڑی کارروائیاں، ‘فتنہ الخوارج’ کے دو دہشت گرد گرفتار

ساہیوال (ترجمان ساہیوال پولیس) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ساہیوال نے پاکپتن اور اوکاڑہ میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم ‘تحریک طالبان فتنہ الخوارج’ سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں ممنوعہ لٹریچر برآمد کر لیا ہے۔

پاکپتن آپریشن: کراچی کا رہائشی دہشت گرد قابو

سی ٹی ڈی ٹیم کو خفیہ اطلاع ملی کہ کالعدم تنظیم کے کارندے ریلوے اسٹیشن پاکپتن کے قریب عوام میں نفرت انگیز مواد تقسیم کر رہے ہیں۔ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹیم نے چھاپہ مار کر مطیع اللہ ولد غفور اللہ (سکنہ ملیر، کراچی) کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 10 ممنوعہ کتب (ندائے حق)، دیگر نفرت انگیز مواد، موبائل فون اور 6820 روپے نقدی برآمد کی گئی۔

اوکاڑہ آپریشن: باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد گرفتار

دوسری کارروائی اوکاڑہ میں راؤ سکندر اقبال روڈ پر واقع زمان پبلک پارک کے مین گیٹ کے قریب کی گئی۔ سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران مہیر گل ولد بسم اللہ جان (سکنہ باجوڑ ایجنسی) کو حراست میں لے لیا۔ دہشت گرد کے قبضے سے 8 ممنوعہ کتابیں، موبائل فون اور 2240 روپے نقدی برآمد ہوئی۔

قانونی کارروائی اور مقدمات کا اندراج

تھانہ سی ٹی ڈی ساہیوال نے سی ٹی ڈی افسران احسن رضا اور محمد انیس کی مدعیت میں دونوں ملزمان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات 11F(2) ، 11W(2) اور 9 ATA کے تحت دو الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں کو مزید تفتیش اور نیٹ ورک کی بیخ کنی کے لیے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔