ساہیوال و چیچہ وطنی میں ڈکیت گینگ سرگرم، دن دیہاڑے وارداتیں معمول بن گئیں

چیچہ وطنی و ساہیوال کے مختلف تھانوں کی حدود میں ڈکیت گینگ سرعام دندنانے لگے ہیں اور دن دیہاڑے ڈکیتیاں معمول بن گئی ہیں.
پولیس تھانہ یوسف والا، تھانہ صدر چیچہ وطنی اور تھانہ غلہ منڈی کے علاقوں میں ڈاکو مسافروں، دوکانداروں سے چھ لاکھ 31 ہزار 500 روپے نقدی ، زیورات اور موبائل چھین کر لے گئے۔
تفصیلات کے مطابق چک 53 پانچ ایل میں محمد حنیف اس کی بیوی اور بھابی سے ڈا کو گن پوائنٹ پر 19 ہزار روپے نقدی اور ایک لاکھ روپے کے زیورات چھین کر فرار ہو گئے۔ متاثرہ خاندان ٹرین سے اتر کر اپنے گھر جارہا تھا۔
دوسرے واقعے میں کشتی سٹاپ پر محمد نعمان دوکاندار اس کی والدہ اور بہنوئی موٹر سائیکل پر سوار تھے جن سے نقدی، زیورات مالیت چار لاکھ 25 ہزار روپے چھین لیے گئے۔
تیسرے وقوعے میں پل نہر ایل بی ڈی سی موٹر سائیکل سوار اللہ دتہ سے نقدی ، مو بائل 10 ہزار روپے چھین لیے گئے۔
چیچہ وطنی کے چک 39 بارہ ایل میں ڈاکو مزمل منان دوکاندار سے اس کی دوکان سے 25 ہزار 500 روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔
چک 133 نو ایل کے قریب محمد سلیم رکشہ ڈرائیور مسافروں محمد حبیب اور علی رضا کو لے کر سبزی منڈی جارہا تھا. اس دوران ڈاکو انہیں روک کر 52 ہزار روپے نقدی اور مو بائل لوٹ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے.
پولیس تھانہ یوسف والا، صدر چیچہ وطنی اور غلہ منڈی پولیس نے محمد حنیف، محمد نعمان، اللہ دتہ ، مزمل منان اور محمد سلیم کی مدعیت میں پانچ مقدمات 392 اور 382 ت پ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابھی تک ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے۔