سول سروسز اکیڈمی لاہور کے وفد کا آثارِ قدیمہ میوزیم ہڑپہ کا تفصیلی دورہ

ساہیوال (ساہیوال نیوز ڈاٹ کام) سول سروسز اکیڈمی لاہور کے وفد نے آثارِ قدیمہ میوزیم ہڑپہ کا تفصیلی دورہ کیا. یہ دورہ ڈائریکٹر جنرل آثارِ قدیمہ کی خصوصی ہدایت پر منعقد کیا گیا. دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال ماہم واحد بھی ان کے ہمراہ تھیں. ہڑپہ میوزیم کے کیوریٹر احمد نواز ٹیپو نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران کیوریٹر ہڑپہ میوزیم نے وفد کو وادی سندھ کی قدیم اور عظیم تہذیب کی تاریخ، اس کے سماجی، معاشی اور شہری نظام، اور ہڑپہ کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ اہمیت کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ ہڑپہ تہذیب منصوبہ بندی، صفائی کے جدید نظام، اینٹوں کی تعمیر اور تجارت کے منظم ڈھانچے کے حوالے سے اپنی مثال آپ تھی۔

وفد نے میوزیم میں محفوظ نایاب نوادرات، مٹی کے برتن، مہریں، زیورات، اوزار اور دیگر تاریخی اشیاءکا بھی تفصیلی معائنہ کیا جو اس قدیم تہذیب کے عروج اور طرزِ زندگی کی عکاسی کرتی ہیں۔

اس موقع پر کیوریٹر احمد نواز ٹیپو نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آرکیالوجی کی جانب سے آثارِ قدیمہ کے تحفظ، بحالی اور دیکھ بھال کے لیے جاری اقدامات اور منصوبوں سے بھی آگاہ کیا، جن کا مقصد ان قیمتی تاریخی ورثوں کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنانا ہے۔

وفد کے اراکین نے ہڑپہ میوزیم اور آثارِ قدیمہ کے مقام پر کیے گئے انتظامات، معلوماتی اندازِ پیشکش اور حفاظتی اقدامات کو سراہا اور اسے قومی تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے ایک قابلِ تحسین کاوش قرار دیا۔