ڈپٹی کمشنر ساہیوال کا خصوصی کرسمس بازار کا دورہ

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کرسمس کی مناسبت سے میٹ مارکیٹ طارق بن زیاد کالونی میں قائم خصوصی کرسمس بازار کا دورہ کیا اور وہاں اشیائے ضروریہ کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے بازار میں قائم مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا جہاں سبزی، پھل، گوشت، دالیں، چینی، آٹا، گھی و دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء عام مارکیٹ سے کم نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے اشیاء کے معیار اور وزن کو تسلی بخش قرار دیا اور ہدایت کی کہ خریداروں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو اور تمام اسٹالز پر مناسب مقدار میں سٹاک موجود رکھا جائے۔

واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلع میں دو کرسمس بازار قائم کیے گئے ہیں۔

پہلا بازار تحصیل ساہیوال میں میٹ مارکیٹ طارق بن زیاد کالونی میں جبکہ دوسرا بازار تحصیل چیچہ وطنی میں میٹرنٹی اینڈ چائلڈ ہیلتھ کئیر سنٹر بلاک 18 میں قائم کیا گیا ہے۔ دونوں بازار 20 دسمبر سے 24 دسمبر تک جاری رہیں گے۔

ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق نے مزید کہا کہ کرسمس بازار اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے ایک مثبت اور فلاحی اقدام ہے تاکہ وہ تہوار کی خوشیوں میں مالی دباؤ کے بغیر شریک ہو سکیں۔