چیچہ وطنی: پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، 2 بین الاضلاعی ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، کانسٹیبل بھی زخمی

چیچہ وطنی (نمائندہ خصوصی) تھانہ صدر چیچہ وطنی کی حدود میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 انتہائی مطلوب بین الاضلاعی ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو کر گرفتار ہو گئے، جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل بھی زخمی ہوا۔

واقعہ کی تفصیلات

پولیس ترجمان کے مطابق 15 ہیلپ لائن پر اطلاع موصول ہوئی کہ 4 مسلح ڈاکو 38/12 ایل پل کے قریب ڈکیتی کی نیت سے کھڑے ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ صدر مدثر غفار نے ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کی تو ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے جوابی ہوائی فائرنگ کی اور ملزمان کو ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا، تاہم ڈاکوؤں نے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔

جانی نقصان اور گرفتاریاں

فائرنگ کے تبادلے کے بعد سرچ لائٹ کی مدد سے دیکھا گیا تو کانسٹیبل خضر (755/C) زخمی حالت میں ملے، جبکہ 2 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہو کر زمین پر گرے ہوئے تھے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت زاہد ولد اعظم (سکنہ 114/12 ایل) اور عمر ولد سرور (سکنہ میاں چنوں) کے نام سے ہوئی ہے۔ ریکارڈ کے مطابق مذکورہ ملزمان مختلف تھانوں کو ڈکیتی اور چوری کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔

ڈی پی او ساہیوال کا پیغام

زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور زخمی کانسٹیبل کے لیے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے ضلع میں کوئی جگہ نہیں ہے۔