بہار کے وزیراعلی کے خلاف ساہیوال میں احتجاج

ساہیوال – محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام نتیش کمار، وزیراعلیٰ بہار (انڈیا) کی جانب سے مسلم خواتین کے پردے کی مبینہ بے حرمتی کے واقعہ کے خلاف ساہیوال میں احتجاجی ریلی نکالی گئی

ریلی کی قیادت چیف ایگزیکٹو آفیسر تنویر احمد غزالی نے کی جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

شرکاءنے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مذہبی آزادی، انسانی حقوق اور مسلم خواتین کے احترام کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاءنے اس اقدام کو شرمناک، قابلِ مذمت اور ناقابلِ قبول قراردیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن تنویر احمد غزالی نے کہا کہ مسلم خواتین کے پردے اور مذہبی تشخص پر کسی بھی قسم کا حملہ نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ عالمی ضمیر کے لیے ایک سوالیہ نشان بھی ہے۔

ایسے گھناؤنے اقدامات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ مذہبی آزادی اور خواتین کے احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

ریلی کے شرکاءنے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔