انسدادِ دہشت گردی عدالت ساہیوال: کالعدم تحریک لبیک کے 13 رہنماؤں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ساہیوال (نمائندہ خصوصی) ساہیوال کی خصوصی عدالت برائے انسدادِ دہشت گردی نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان سے تعلق رکھنے والے عارف والا کے 13 گرفتار رہنماؤں کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ تین دیگر ملزمان کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

عدالتی کارروائی اور جسمانی ریمانڈ

تفصیلات کے مطابق، سپیشل جج انسداد دہشت گردی عدالت ساہیوال ضیا اللہ خان نے کیس کی سماعت کی۔ پولیس نے عارف والا سٹی سے گرفتار کیے گئے کالعدم تنظیم کے رہنماؤں کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے پولیس کی استدعا پر 13 رہنماؤں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا.

ریمانڈ پر دیے گئے رہنماؤں کے نام:

محمد لطیف، حافظ گلزار احمد، سہیل اختر، محمد رفیق
علی حسن، محمد عمران منور، احمد مجتبیٰ، عثمان نذیر
وقاص حیدر، یوسف ریاض، بسم اللہ، محمد نواز اور محمد عمران۔

عدالت نے پولیس کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ ملزمان کو تفتیش مکمل کر کے 21 جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

تین ملزمان کی رہائی کا حکم

دورانِ سماعت عدالت نے گرفتار دیگر تین رہنماؤں غلام مصطفیٰ، محمد احمد اور وسیم عطاری کے حوالے سے بھی فیصلہ سنایا۔ عدالت نے قرار دیا کہ شناخت پریڈ کے دوران ان تینوں ملزمان کی شناخت نہ ہو سکنے کی بنا پر انہیں مقدمہ سے ڈسچارج کیا جاتا ہے۔