اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد کا ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ

اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور صفائی، مفت ادویات کی فراہمی، عملے کی حاضری اور عوام کے لیے دستیاب دیگر طبی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے ایمرجنسی، میڈیکل وارڈ، فارمیسی اور لیبارٹری کا معائنہ کیا اور مریضوں سے علاج معالجے کے حوالے سے دریافت کیا۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو صاف ستھرا ماحول اور علاج کی معیاری سہولتیں فراہم کرنا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ماہم واحد نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت کی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے اور مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کی مانیٹرنگ اور اسٹاک رجسٹر کے اندراج کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی شکایت کی گنجائش باقی نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے اداروں میں عوامی سہولتوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تسلسل کے ساتھ معائنے جاری رکھے گی اور ناقص کارکردگی کے حامل عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔