اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال کاگورنمنٹ حاجی عبدالقیوم ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کا دورہ

ساہیوال (ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز) اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے گورنمنٹ حاجی عبدالقیوم ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کا اچانک دورہ کیاجہاں انہوں نے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی، اسپتال کی صفائی، اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی اور فارمیسی سیکشنز کا معائنہ کیا اور مریضوں سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ اسپتال آنے والے ہر مریض کو مفت ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر نظام تشکیل دیا جائے۔
انہوں نے اسپتال کے احاطے میں صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم بعض مقامات پر بہتری کی ضرورت کی نشاندہی بھی کی۔ ماہم واحد نے کہا کہ اسپتال عوامی خدمت کا مرکز ہیں، لہٰذا عملہ اپنے رویے، کارکردگی اور صفائی کے معیار سے ایسا تاثر دے جو مریضوں کے اعتماد کو بڑھائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے پرعزم ہے اور اسپتالوں میں فراہم کی جانے والی خدمات کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی۔