چیچہ وطنی: اینٹی کرپشن کی کارروائی، پٹواری رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

چیچہ وطنی (رپورٹ: سٹاف رپورٹر) پنجاب میں کرپشن کے خلاف جاری مہم میں تیزی لاتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن نے چیچہ وطنی میں ایک اور بڑی کارروائی کی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کے "کرپشن سے پاک پنجاب” کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر ساہیوال بشارت نبی کی خصوصی ہدایات پر ایک کامیاب ٹریپ ریڈ کیا گیا۔

کارروائی کی تفصیلات

سرکل آفیسر ہیڈ کوارٹر اینٹی کرپشن ساہیوال صہیب قیصر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مجسٹریٹ کی زیرِ نگرانی کارروائی کرتے ہوئے حلقہ 32/12 ایل کے پٹواری محمد وسیم کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کو اس وقت قابو کیا گیا جب وہ ایک شہری سے 30,000 روپے رشوت وصول کر رہا تھا۔

رشوت کی وجہ:

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق:
ملزم نے شہری سے ایک کیس ڈگری پر عملدرآمد کرنے کے عوض رشوت طلب کی تھی۔
چھاپے کے دوران رشوت کی رقم موقع پر ہی برآمد کر لی گئی۔

قانونی کارروائی:

ملزم کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن ساہیوال میں مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ چیچہ وطنی میں کرپشن کے خلاف یہ دوسری بڑی کارروائی ہے؛ چند روز قبل بھی ایک اور پٹواری کو 20 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔

"کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی اور عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی معافی کے مستحق نہیں۔” (ترجمان اینٹی کرپشن ساہیوال)