ساہیوال: فیملی کو قید کرنے پر اجوا فن لینڈ کے 20 سکیورٹی گارڈز کے خلاف مقدمہ درج

ساہیوال: یوسف والا پولیس نے اجوا فن لینڈ کے 20 سکیورٹی گارڈز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے. ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک فیملی کودو گھنٹے تک کمرے میں بند رکھا.

تفصیلات کے مطابق عثمان شہزاد، ان کی بیوی انعم سعید اور ان کے تین بچے داود (12)، آمنہ (11)، اور یوسف (6) نے تفریحی پارک کا دورہ کیا جو اجوا سٹی، چک 84 فائیو ایل میں واقع ہے۔

اس دوران ایک سکیورٹی گارڈ نے دیکھا کہ ایک بچہ اجوا فن لینڈ میں بغیر ٹکٹ کے داخل ہو رہا ہے۔ فیملی نے ٹکٹ خریدنے کی پیشکش کی، لیکن گارڈ نے مبینہ طور پر توہین آمیز زبان استعمال کی، جس سے تلخ کلامی ہوئی۔

موقع پر موجود لوگوں نے بتایا کہ دونوں فریقین کے درمیان زبانی تکرار ہوئی۔ اس دوران پارک کا اضافی مینجمنٹ اسٹاف اور سکیورٹی گارڈ موقع پر پہنچ گئے۔ مبینہ طور پر معاملہ حل کرنے کے بجائے، انہوں نے عثمان شہزاد کی فیملی کو ایک ہال میں بند کر دیا۔ صورتحال تناؤ کا شکار ہو گئی، یہاں تک کہ متاثرہ فیملی نے پولیس ہیلپ لائن (15) پر رابطہ کیا۔ پولیس موقع پر پہنچی اور تقریباً دو گھنٹے بعد گارڈز کی تحویل سے فیملی کو آزاد کروایا۔

پولیس تھانہ یوسف والا نے اجوا فن لینڈ کے چیف سکیورٹی گارڈ سرفراز پٹھان اور ان کے 19 مینجمنٹ اسٹاف کے ارکان کے خلاف متاثرہ فیملی کی شکایت پر پی پی سی کی دفعات 342، 506، 354، 148 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ درج ہونے کے باوجود اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ یہ تفریحی پارک شوکت کوبا کے زیر ملکیت ہے، جو ساہیوال میں مشہور نسوار برانڈ اور ڈیپارٹمنٹل اسٹور فرنچائز چلاتے ہیں۔