ساہیوال: احتجاجی مظاہرہ کرنے پر پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر رانا عامر شہزاد ساتھیوں سمیت گرفتار

ساہیوال (نیوز ڈیسک) ساہیوال میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حلقہ این اے 141 سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ ہولڈر رانا عامر شہزاد اور دیگر کارکنوں کو احتجاجی ریلی نکالنے اور سڑک بلاک کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

تمام برانڈز کے لان سوٹ ڈسکاؤنٹ پر حاصل کریں۔

Butt Cloth House Sahiwal

واقعات کی تفصیلات

پولیس ذرائع کے مطابق، تھانہ فرید ٹاؤن کے علاقے چک 86 چھ آر، لکڑ منڈی چوک میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت رانا عامر شہزاد اور امین بگا سندھی کر رہے تھے۔ مظاہرین نے امین بگا سندھی کی آرا مشین کے سامنے روڈ بلاک کیا اور ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا کر "عوامی مینڈیٹ واپس کرو” کے حق میں اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

پولیس کارروائی اور مقدمہ

پولیس کا موقف ہے کہ مظاہرے کے دوران مبینہ طور پر نفرت انگیز اور حکومت مخالف تقریریں کی گئیں۔ پولیس کی نفری جب موقع پر پہنچی تو مظاہرین منتشر ہو گئے۔ تھانہ فرید ٹاؤن نے سب انسپکٹر محمد افضال کی مدعیت میں رانا عامر شہزاد، امین بگا سندھی اور دیگر آٹھ کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقدمے میں درج ذیل دفعات شامل کی گئی ہیں:

ایم پی او 16: (نظم و ضبط عامہ کی خلاف ورزی)
دفعات: 188، 341، 148 اور 149 ت پ (غیر قانونی اجتماع اور راستہ روکنا)

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رانا عامر شہزاد اور امین بگا سندھی کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ رانا عامر شہزاد طاہر، حلقہ این اے 141 ساہیوال کے گھر پر چادر اور چار دیواری کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے،20 سے 25 پولیس کی گاڑیوں کے ہمراہ گھر کے باہر نصب گیٹ توڑا گیا، پھر اندر موجود دروازے اور کھڑکیاں توڑ کر انہیں گرفتار کیا گیا۔ یہ عمل سراسر ظلم، جبر اور فسطائیت کی بدترین مثال ہے۔

سیاسی و سماجی حلقوں کا ردعمل

دوسری جانب، ساہیوال کے سماجی اور سیاسی حلقوں نے ان گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج اور ریلیاں نکالنا ہر شہری کا آئینی حق ہے، لیکن موجودہ "حکومتی فسطائیت” کے باعث سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جا رہی ہے جو کہ جمہوری اقدار کے منافی ہے۔

اپڈیٹ:

صدر ویسٹ پنجاب کسان ونگ رانا عامر شہزاد طاہر (حلقہ این اے 141 ساہیوال) کو جیل میں ہارٹ اٹیک کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ظلم ہمیشہ نہی رہے گا اور وہ عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔